اسلام آباد (عکس آن لائن)قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے سری لنکا کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ 3ٹی ٹونٹی میچز پر مشتمل سیریز 5 سے 9 اکتوبر تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جاری رہے گی۔ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے کراچی میں موجود قومی ایک روزہ ٹیم میں3 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ امام الحق، عابد علی اور محمد رضوان کی جگہ احمد شہزاد ، عمر اکمل اور فہیم اشرف کوقومی ٹی ٹونٹی کرکٹ اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔احمد شہزاد نے گذشتہ سال جون میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف سیریز میں آخری بار قومی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔
مڈل آرڈر بیٹسمین عمر اکمل نے27 ستمبر 2016 کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔آلراو¿نڈر فہیم اشرف رواں سال مئی میں انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی میچ میں قومی ٹیم کا حصہ تھے۔سری لنکا کے خلاف دوسرے ایک روزہ میچ میں بائیں ہاتھ کی انجری کا شکارہونے والے امام الحق کو ٹی ٹونٹی سیریز میں شامل نہیں کیا گیا۔16 رکنی سکواڈ میں سرفراز احمد (کپتان) (سندھ)، بابراعظم (نائب کپتان) (سنٹرل پنجاب)، احمد شہزاد (سنٹرل پنجاب)، آصف علی (ناردرن)، فخر زمان (خیبرپختونخوا)، حارث سہیل (بلوچستان)، محمد حسنین (سندھ)، افتخار احمد (خیبرپختونخوا)، عماد وسیم (ناردرن)، عمر اکمل (سنٹرل پنجاب)، محمد عامر (ناردرن)، محمد نواز( ناردرن)، فہیم اشرف (سنٹرل پنجاب)، شاداب خان (ناردرن)، عثمان خان شنواری (خیبرپختونخوا) اور وہاب ریاض (سدرن پنجاب) شامل ہیں ۔ یاد رہے کہ پہلا ٹی ٹونٹی میچ قذافی اسٹیڈیم لاہورمیں پانچ اکتوبر ،دوسرا سات اکتوبر اور تیسرا ٹی ٹوئٹی نو اکتوبر کو لاہور میں کھیلا جائیگا