لاہور( عکس آن لائن) فلم انڈسٹری کے لیجنڈ اداکارغلام محی الدین نے کہا ہے کہ مجھے جو مقام اورشہرت پی ٹی وی نے دی ہے اسے کبھی فراموش نہیں کر سکتا، پی ٹی وی میری پہلی درسگاہ تھی جہاں سے اپنے کیرئیر کا آغاز کیا اور ڈرامہ سیریل سپر ہٹ ہونے کے بعد میں فلمی دنیا میں آگیا ۔’’ این این آئی ‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے غلام محی الدین نے کہا کہ فلم انڈسٹری میں بے پناہ کامیابیاں سمیٹی ہیں اور اللہ کا شکر ہے کہ آج بھی کام کر رہا ہوں ۔
اس وقت فلم انڈسٹری میں نیا ٹیلنٹ سامنے آرہا ہے جو آنے والے وقت میں سینئر زکا خلا ء پر کر ے گا ۔ انہوں نے کہا کہ جب فلم انڈسٹری کے آج کے حالات اور ماضی کی رونقوں کو دیکھتا ہوں تو دکھ ہوتا ہے ہے مگر میرا خدا کی ذات پر کامل یقین ہے کہ اگر ہم نے مسلسل محنت اور لگن سے جدوجہد جاری رکھی تو وہ دن دور نہیں جب فلم انڈسٹری دوبارہ عروج حاصل کر یگی ۔میری فلم انڈسٹری کے لئے خدمات حاضر ہیں اور مجھے کسی بھی سطح پر کوئی بھی ذمہ داری سونپی گئی میں اسے احسن طریقے سے نبھاؤں گا۔