اسلام آباد (عکس آن لائن) احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے جبکہ آصف زرداری کو حاضری سے استثنیٰ مل گیا ۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں جعلی اکاونٹس کیس میں توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت ہوئی، جہاں نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ نواز شریف، آصف زرداری کو ان کی رہائش گاہوں پر سمن وصول کرائے، انور مجید ہسپتال میں زیر علاج ہیں، وہاں سمن وصول نہیں کیے گئے۔
اس موقع پر نیب نے یوسف رضا گیلانی اور عبدالغنی مجید کو گرفتار کرنے کی استدعا کی جسے عدالت نے مسترد کیا،دوران سماعت عدالت نے آصف زرداری کو 11 جون کو طلب کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری کو صرف آج ایک دن کیلئے حاضری سے استثنیٰ دے رہا ہوں، آئندہ سماعت پر آصف زرداری ہر صورت پیش ہوں۔
واضح رہے کہ نوازشریف پر الزام ہے کہ انہوں نے پاکستان پیپلزپارٹی کے سابقہ دور حکومت میں توشہ خانے سے گاڑی حاصل کی اور اسکی ادائیگی انورمجید نے جعلی بینک اکاونٹ سے کی۔ نواز شریف 2008 میں کسی بھی عہدے پر نہیں تھے اور انہوں نے توشہ خانے سے گاڑی حاصل کرنے کیلئے کوئی درخواست بھی نہیں دی تھی۔