فیصل آباد (عکس آن لائن) محکمہ زراعت نے کھٹی کی نرسری کیلئے رواں ایام کو انتہائی موزوں قراردیتے ہوئے کہاہے کہ باغبان صحت مند پھل سے بیج نکال کربجائی کردیں اور بجائی سے قبل بیج کو صاف پانی سے دھو کر سائے میں اچھی طرح خشک کرلیاجائے تاکہ کھٹی کی بہتر پیداوار حاصل کرنے میں مدد مل سکے۔
محکمہ کے ترجمان نے بتایاکہ ترشاوہ پھلوں کے نئے پودے لگانے کیلئے تین مکعب فٹ کے گڑھے کھودے جائیں اورانہیں 2ہفتوں کیلئے کھلا چھوڑ دیا جائے ۔ پہلے سے لگے ہوئے ترشاوہ پودوں کو فوری طور پر نائٹروجن کی تیسری قسط بھی ڈال دی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ باغبان کاغذی لیموں اور میٹھے کی برداشت مکمل کرلیں اور میٹھے کا پھل برداشت کرنے کے بعد ایک کلو یوریا ، ایک کلو ڈی اے پی ، ایک کلو پوٹاش فی پودا بھی ڈال دیں ۔ انہوں نے کہاکہ موسمی حالات کے مطابق آبپاشی کاسلسلہ بھی جاری رکھا جائے۔