واشنگٹن(عکس آن لائن)سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ پر کڑی تنقید کی ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سابق صدر نے اپنے سوشل نیٹ ورک ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ ہم زوال پذیر قوم ہیں۔ ایک ناکام قوم ہیں اپنی اشتعال انگیز پوسٹ میں ٹرمپ نے مزید کہا ہم جس اچھے امریکہ کو جانتے ہیں، وہ اتنی تیزی سے کھو رہا ہے کہ تاریخ کی سب سے نااہل انتظامیہ کے زیر انتظام باقی ڈیڑھ سال کے اختتام پر ہمارے پاس شاید کوئی ملک باقی نہ رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری سرحدوں پر یلغار ہے، ہم عالمی کرنسی کے معیار کے طور پر اپنا ڈالر کھونے والے ہیں اور بیوقوف لوگوں اور فیصلوں کی وجہ سے ہم تیسری جنگ عظیم میں ختم ہو سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا صرف وہ چیزیں جو یہ اچھی طرح کرتے ہیں وہ انتخابی فراڈ، گندی مہم اور نظام انصاف کا غلط استعمال ہے۔ ٹرمپ نے ان الفاظ سے بات کا اختتام کیا ہم زوال پذیر قوم ہیں… ایک ناکام قوم۔