وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری

بھارت کو بات چیت کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنا ہوگا،وزیر خارجہ

گووا (عکس آن لائن)وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ سفارتی تعلقات میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ،بھارت کو کشمیر سے متعلق 4 اگست 2019 کی صورتحال پر واپس آنا ہوگا،بھارت کو بات چیت کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنا ہوگا۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ اجلاس کے موقع پرمختلف وزرائیخارجہ سے ملاقات ہوئی، ایک کے سوا تمام وزرائے خارجہ سے الگ الگ ملاقاتیں ہوئیں۔

انہوںنے کہاکہ 5 اگست 2019 کوبھارت نے غیرقانونی اقدامات کیے، 2019 کے اقدامات سے بھارت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کی، بھارت کے 5 اگست 2019 کے اقدام نے دونوں ممالک کے حالات کو تبدیل کردیا۔وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان کا کشمیرسے متعلق ٹھوس اور واضح مؤقف ہے، بھارت کے یک طرفہ اقدامات سے تعلقات متاثرہوئے، بھارت کو کشمیر سے متعلق 4 اگست 2019 کی صورتحال پر واپس آنا ہوگا، بھارت کوبات چیت کیلئے سازگارماحول پیدا کرنا ہوگا، پاکستان اوربھارت کے عوام امن چاہتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر خارجہ سے آن کیمرا ہاتھ ملانے میں مجھے کوئی مسئلہ نہیں، یہ بھارتی وزیر سے ہی پوچھا جائے، بھارتی وزیر خارجہ اور میرا ایک ہی طریقے سے ایک دوسرے کو سلام کرنا میرے لیے خوشی کی بات ہے، بھارتی وزیر خارجہ سب سے ایک ہی طریقے سے ملے۔کھیلوں سے متعلق سوال پر وزیر خارجہ نے کہاکہ میں نے کوشش کی ہماری بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو بھارت جانا تھا لیکن ان کو ویزا نہیں دیاگیا، کھیل کو سیاست اور خارجہ پالیسی سے الگ ہوناچاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں