اسلام آباد(عکس آن لائن ) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ایل اوسی پر بسنے والے مسلح افواج کے ساتھ شانہ بشانہ سینہ سپر ہیں، ان بہادر عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
جمعرات کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فردوس عاشق اعوان نے ٹوئٹ کیا کہ ایل اوسی پر بسنے والوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، ایل اوسی پر شہریوں کو نشانہ بنانا بھارتی فوج کی سفاکی ظاہر کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ متاثرہ افراد کے زخموں پر مرہم رکھنا وزیراعظم کے احساس کا مظاہرہ ہے، کابینہ نے ایل او سی پر بسنے والوں کے لیے خصوصی پیکج منظور کیا، خصوصی پیکیج خاندانوں کی فلاح و بہبود میں معاون ثابت ہوگا۔لائن آف کنٹرول پر بسنے والے بہادر عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو دفاع وطن کیلئے اپنی مسلح افواج کے ساتھ شانہ بشانہ سینہ سپر ہیں۔ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ احساس پروگرام کے تحت راشن اسکیم کے ذریعے معاونت کی جائے گی، 33 ہزار498 خاندانوں میں ہر شادی شدہ خاتون کی سہ ماہی مدد کی جائے گی، جبکہ ہرسہ ماہی خاتون کو 5ہزار روپے دیے جائیں گے، رقم کی ادائیگی 4 سہ ماہی تک جاری رہے گی۔