اسلام آباد(عکس آن لائن) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سمسٹربہار 2019ءکے میٹرک ایف اے/ایف ایس سی/اوپن ٹیک اے ٹی ٹی سی پی ٹی سی سی ٹی اور بی ایڈ )اولڈ(پروگرامز کے فائنل امتحانات12۔ستمبر سے ملک بھر میں ایک ساتھ شروع ہوں گے۔
طلبہ و طالبات کو رول نمبر سلپ ارسال کئے گئے ہیں اورڈیٹ شیٹ یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر فراہم کردی گئی ہے۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرضیاءالقیوم کی خصوصی ہدایت پر طلبہ و طالبات کو قریب ترین مقامات پر امتحانات میں شرکت کی سہولت فراہم کرنے کے لئے شعبہ امتحانات نے ضلع اور تحصیل سطح پر 850۔ امتحانی مراکز قائم کردئیے ہیں۔ وائس چانسلر کی واضح احکامات پرامتحانات کے نظام کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے امتحانی مراکز میں سخت نگرانی کا نظام بھی نافذ کردیا گیا ہے اور اس ضمن میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔وائس چانسلر کی ہدایت پر امتحانی مراکز میں طلبہ کو ہر قسم کی ضروری سہولتیں فراہم کی جائیں گی ۔ ےونےورسٹی نے اپنے اسناد اور ڈگریوں کی کریڈیبلٹی بڑھانے اور معیار میں اضافے کے لئے امتحانی نظام میں ترمیم کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔
وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر ضیاءالقیوم کی سرپرستی میں اس حوالے سے کام تیزی سے جاری ہے۔نیا نظام جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر مبنی ہوگا ٹیوٹوریل نظام پر نظر ثانی کا کام آخری مرحلے میں داخل ہوچکا ہے۔