اسلام آباد(عکس آن لائن)نگراں وفاقی وزیرِ اطلاعات مرتضی سولنگی نے کہا ہے کہ الیکشن 8فروری کو ہیں اس پر کوئی دوسری رائے نہیں،ایک بیان میں مرتضی سولنگی نے کہا کہ خیبر پختون خوا اور بلوچستان میں امن و امان کے مسائل ہیں، ملک میں اس سے زیادہ خراب صورتِ حال رہی ہے الیکشن ہوئے ہیں،
نگراں وزیر اطلاعات نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن اس سے پہلے سردی کی بات کرتے تھے، دسمبر میں بھی انتخابات ہوئے ہیں، فروری سے زیادہ سردی دسمبر میں ہوتی ہے ، الیکشن کے قریب خود کو مظلوم ثابت کرنا ہر سیاسی جماعت کی مجبوری بن جاتی ہے، ن لیگ شکایت کرتی ہے کہ ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں مل رہا، پیپلز پارٹی بھی شکایت کرتی ہے کہ لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں مل رہا،
اگر کوئی جائز شکایت ہے تو میڈیا، عدالت اور الیکشن کمیشن فورمز ہیں،وفاقی وزیر نے کہا کہ معیشت کی بنیادیں جب تک ٹھیک نہیں ہوں گی، مسائل حل نہیں ہوں گے، معیشت ایک دن میں خراب نہیں ہوئی ٹھیک بھی ایک دن میں نہیں ہو گی،ان کا کہنا ہے کہ فواد حسن فواد کی بریفنگ دیکھ لیں معاملات تیزی سے بہتری کی طرف جارہے ہیں، نجکاری فہرست وہی ہے جو گزشتہ حکومت ہمیں دے کر گئی ہے۔