لاہور(عکس آن لائن )لاہور ہائیکورٹ میں الیکشن کمیشن کی جانب سے ارکان اسمبلی کو نااہل قرار دینے کے خلاف درخواست دائر کر دی گئی ۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے مذکورہ درخواست کو سماعت کے لئے جسٹس شاہد کریم کے پاس مقرر کرنے کے نوٹ کے ساتھ فائل واپس بھجوا دی۔
فاضل جج نے کہا کہ اسی نوعیت کا معاملہ فاضل جج کے پاس زیر سماعت ہے، اس درخواست کو بھی اسی بنچ کے روپرو سماعت کے لیے پیش کیا جائے جو اس نوعیت کے معاملے پر سماعت کر رہا ہے۔شہری منیر احمد کی جانب سے دائر درخواست میں رکن اسمبلی کے گوشواروں میں بے ضابطگی پر نا اہلی کی سزا کے سیکشن کو چیلنج کیا گیا ہے، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کو کسی رکن اسمبلی کو خود سے نا اہل کرنے کا اختیار نہیں ہے۔