لاہور (عکس آن لائن ) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ امن، مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینا پنجاب
حکومت کی اولین ترجیحات ہیں، اقلیتی برادری کو ترقی کے سفر میں برابر کا حصہ دیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سے صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم نے ملاقات کی،
صوبائی وزیر نے محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور کی جانب سے مرتب کردہ کتاب وائٹ ان فلیگ عثمان بزدار
کو پیش کی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے اقلیتوں کے حوالے سے جامع کتاب ترتیب دینے پر محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی
امور کی کاوشوں کو سراہا۔ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بسنے والی اقلیتی برادری کو برابر کے حقوق
حاصل ہیں، پنجاب حکومت نے اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لئے مینارٹی ایمپاورمنٹ پیکیج دیا ہے،
پنجاب حکومت نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے موثر اقدامات اٹھائے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا
اقلیتی برادری کی عبادت گاہوں کی تزئین و آرائش کے لئے فنڈز فراہم کئے گئے ہیں،
اقلیتی بھائیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے، اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود کے لئے
بجٹ میں اضافہ کیا گیا ہے، مسیحی برادری نے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کیا ہے۔