کراچی (عکس آن لائن) معروف اداکارہ اقرا عزیز نے اب چھوٹی اسکرین کے بعد سلور اسکرین پر بھی یاسر حسین کے ساتھ انٹری دینے کے لئے تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔مشہور ڈرامہ رانجھا رانجھا کردی میں جاندار اداکاری کے بعد اب اقرا عزیز سلور اسکرین پر بھی اداکاری کے جوہر دکھاتی نظر آئیں گی۔ ان کی ڈیبیو فلم میں ان کے مد مقابل کوئی اور نہیں بلکہ ان کے منگیتر یاسر حسین مرکزی کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔
فلم ہاف فرائی ایکشن اور کامیڈی کے تڑکے سے بھرپور ہے جس میں یاسر اور اقرا کے ساتھ فیضان خواجہ اور فریال محمود بھی شامل ہیں۔ یہ فلم صرف اقرا کی ڈیبیو فلم ہی نہیں بلکہ حقیقی جوڑی کی بڑی اسکرین پر ایک ساتھ انٹری لوگوں کے لئے دلچسپی کا باعث بنے گی۔واضح رہے کہ کٹاکشا اور تیور جیسی فلموں میں ہدایت کاری کرنے والے ابو علیحہ اس کامیڈی فلم ہاف فرائی میں بھی صلاحیتوں کا لوہا منتوانے نظر آئیں گے۔ فلم رواں سال ہی سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔