اسحاق ڈار

آئی ایم ایف کو خط لکھ کرملک دشمنی ثابت ،بانی پی ٹی آئی کے خط کی کوئی حیثیت نہیں ہوگی ‘اسحاق ڈار

لاہور( عکس آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر اسحاق ڈار نے کہاہے کہ بانی پی ٹی آئی کے خط کی کوئی حیثیت نہیں ہوگی تاہم تحریک انصاف آئی ایم ایف کو خط لکھ کر ملک دشمنی ثابت کررہی ہے۔

پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ تحریک انصاف کا آئی ایم ایف کو خط لکھنا افسوسناک اورقابل مذمت ہے، بانی پی ٹی آئی کو آئی ایم ایف کو خط نہیں لکھنا چاہیے، حکومت دوسری پارٹیوں کے ساتھ ملکر بن رہی ہے،ہر چیز ڈیل ہوگی، ان کے خط کی آئی ایم ایف کے سامنے کوئی حیثیت نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کا چیلنج پاکستان کے عوام کی مشکلات کو دور کرنا ہے، معاشی حالات کو درست کرنا بڑا چیلنج ہے، پاکستان میں غربت کا خاتمہ کرنا ہے، روزگار کے مواقع مہیا کرنے ہیں۔سابق وزیرخزانہ نے کہا کہ اس ملک کی معیشت 2017میں 24ویں بڑی معیشت بن گئی تھی،2017میں صرف 4فیصد مہنگائی اور 6فیصد جی ڈی پی گروتھ تھی ، فارن ایکسچینج ریزرو اعلی ترین سطح پر تھے ،

جس کا آج تک ریکارڈ نہیں ٹوٹا، پاکستان کی سٹاک مارکیٹ پوری دنیا میں پانچویں نمبر تھی مگر اور پانامے کے ڈرامے کے نتیجے میں ہماری 24ویں معیشت 47ویں معیشت بن گئی۔اسحاق ڈار نے کہا کہ نوازشریف صوبائی اور وفاقی معاملات میں پارٹی کی رہنمائی کررہے ہیں، یہ کہنا کہ نوازشریف غائب ہوگئے ہیں ،مناسب الفاظ نہیں، نوازشریف بالکل موجود ہیں ،مسلم لیگ (ن) کے قائد ہیں۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وزیر خزانہ کا فیصلہ میں نے نہیں کرنا قیادت فیصلہ کرتی ہے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ چاہے ہم اپوزیشن میں ہیں یا حکومت میں مل کر پاکستان کو اس بھنور سے نکالیں گے، اپنے دشمنوں کو ثابت کریں گے کہ پاکستان کے معاملات کو خود ڈیل کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آپ دیکھیں گے آئندہ چند دنوں میں سب ٹھیک ہو جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں