لاہور (عکس آن لائن ) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ان لوگوں نے ریاست کی رٹ فارغ کر دی ہے، یہ اپنا تھوکا ایک ایک کر کے چاٹیں گے، یہ پانچ ماہ میں معاہدہ پارلیمنٹ میں کیوں نہیں لائے، پارلیمنٹ تحریک لبیک کے لوگوں سے بات کرتی،یہ خود سڑکیں بلاک کرتے رہے ہیں، ایسی تقاریر کرتے رہے ہیں، ان کے خلاف کسی نے طاقت کا استعمال نہیں کیا تھا۔
لاہور میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان حواس باختہ انسان ہیں، عمران خان کو معلوم ہی نہیں کہ سلمان رشدی نے کب کتاب لکھی اور اس وقت وزیراعظم کون تھا۔ ایک سوال کے جواب میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جے یو آئی یا مسلم لیگ ن نے کوئی بیان جاری نہیں کیا بلکہ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے بیان جاری کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پانچ ماہ میں معاہدہ پارلیمنٹ میں کیوں نہیں لائے، پارلیمنٹ تحریک لبیک کے لوگوں سے بات کرتی، انہیں سمجھانے والی بات سمجھائی جاتی، 20 اپریل کو معاہدہ ختم ہو رہا تھا،
تحریک لبیک کے سربراہ کو پہلے کیوں گرفتار کیا گیا، آپ معاہدہ ختم ہونے سے 10 دن پہلے ان پر چڑھ دوڑے اور گرفتاریاں شروع کر دیں۔ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ یہ اپنا تھوکا ایک ایک کرکے چاٹیں گے، موجودہ حکومت نے ریاست کی رٹ کو بالکل فارغ کر دیا ہے، یہ خود سڑکیں بلاک کرتے رہے ہیں، ایسی تقاریر کرتے رہے ہیں، ان کے خلاف کسی نے طاقت کا استعمال نہیں کیا تھا۔ رہنما ن لیگ نے کہا کہ اگر حکومت نے معاہدہ کیا ہے تو اسے پورا کرنا چاہیے، معاہدے میں تین وزرا اور وزیر داخلہ کے دستخط ہیں۔