اسلام آباد(عکس آن لائن) قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے ایران کے سفارت خانے کا دورہ کرتے ہوئے ایرانی سفیر رضا امیری مغدم سے ملاقات کی اور پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے ہیلی کاپٹر حادثے میں ایرانی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ اور دیگر کے افسوسناک انتقال پر اظہار ِتعزیت کیا۔ اس موقع پر قائمقام صدر نے کہا پوری قوم ایرانی صدر کی وفات پر غمزدہ ہے ، ایرانی بھائیوں اور بہنوں کے غم میں برابر کی شریک ہے، ایرانی صدر کی وفات عالم اسلام کے لیے ایک عظیم نقصان ہے ، صدر ابراہیم رئیسی ایک نیک انسان ، عالم اور پاکستان کے عظیم دوست تھے ، صدر ابراہیم رئیسی کی وفات سے امت مسلمہ ایک عظیم رہنما سے محروم ہوگئی،
قائمقام صدر نے کہا پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور ادبی روابط پر مبنی بہترین تعلقات ہیں، دونوں برادر ممالک کو مزید قریب لانے کیلئے عوامی روابط اور پارلیمانی تبادلوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ، اس موقع پر پاکستان اور ایران کے درمیان بہترین تعلقات ہیں ، پاکستان کے ساتھ تعلقات کا فروغ ایران کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے، ایران کے سپریم لیڈر نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کے فروغ پر خصوصی زور دیا، ایرانی سفیر نے کہا مرحوم صدر رئیسی کا حالیہ دورہ ِ پاکستان اسی تناظر میں ہوا۔ ایرانی سفیر نے تعزیتی پیغامات ، ایرانی عوام کے غم میں شریک ہونے پر پاکستانی عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کیا قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے ایرانی سفارت خانے میں مہمانوں کی کتاب میں تعزیتی تاثرات بھی درج کیے