لاہور (عکس آن لائن)یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور میں ایک روزہ ایلومینائیز ری یونین کا اہتمام کیا گیا۔ وائس چانسلر یو ای ٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر حبیب الرحمن نے پروگرام کمیٹی کے کنوینر پروفیسر ڈاکٹر نوید رمضان اور فوکل پرسن ایلومینائی آفس ڈاکٹر احمد نوید کے ہمراہ فیتہ کاٹ کر پروگرام کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
فٹ بال گرائونڈ میں منعقد پروگرام میں یونیورسٹی گریجویٹس کی کثیر تعداد نے اپنی فیملیز کے ہمراہ شرکت کی۔ یو ای ٹی ایلومینائز نے مختلف شعبہ جات اور لیبارٹریز کی تعمیر و توسیع، طلبا کی مالی معاونت اور زکو فنڈ کیلئے 50 ملین کا عطیہ بھی کیا جس میں سلمان ظفر جنہوں نے 15ملین، انجینئر مصدق حسین جنہوں نے 8 ملین، یو ای ٹی ایلومیناء کینیڈا چیپٹر جنہوں نے 5.2 ملین کا عطیہ کیا، کے نام قابلِ ذکر ہیں۔
فارمر وائس چانسلر یو ای ٹی پروفیسر ڈاکٹر فضل احمد خالد اور پروفیسر ڈاکٹر عزیز اکبر، فارمر وائس چانسلر ایجوکیشن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر فیض الحسن، فارمر وائس چانسلر پنجاب تیانجن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شاکر بھی تقریب میں شامل تھے۔ اس دوران مختلف قسم کے اصلاحی خاکے، میوزیکل پرفارمنسز کا اہتمام بھی کیا گیا۔
تقریب میں شریک ایلومینائز نے ایونٹ کے انعقاد کو سراہا، اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حبیب الرحمن ایلومینائز کیساتھ گھل مل گئے اور مستقبل میں بھی ایسی سرگرمیوں کے انعقاد کے عزم کا اظہار کیا۔