لاہور ( عکس آن لائن) سینئر اداکار شبیر جان نے کہا ہے کہ ایک دوسرے کو غلط کہنے کی روش ترک کر کے خود کو ٹھیک کرنا چاہیے ، ہم ایک دوسرے پر الزام لگاتے ہیں کہ وہ ٹھیک نہیں مگر اپنے کردار کو فراموش کر دیتے ہیں ، سب سے پہلے ہمیں خود سے احتساب شروع کرنا ہو گا ۔ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شوبز ہو یا زندگی کا کوئی دوسرا شعبہ ہر جگہ پر ایک دوسرے سے شکوے اور شکایتوں کا انبار لگا رہتا ہے لیکن میری اپنی سوچ ہے کہ آپ سب سے پہلے اپنی اصلاح کریں پھر سارے مسائل خود بخود حل ہوتے جائیں گے ۔
شبیر جان نے کہا کہ ہم ایک دوسرے سے بہت زیادہ توقعات وابستہ کر لیتے ہیں اور جب امیدیں پوری نہیں ہوتیں تو ہمارے اندر سے قدرتی طور پر مایوسی اور منفی رویہ بیدار ہو جاتا ہے ، کوئی بھی انسان ایک دوسرے کی مجبوریوں کا احساس کرنے کے لئے تیار نہیں اس کی بنیادی وجہ یہی ہے کہ ہم نے قرآن و سنت کا راستہ چھوڑ دیا ہے جب ہم اس راستے پر چل پڑیں گے تو دنیا کے ساتھ آخرت بھی بہتر ہو جائے گی ۔