شاہ محمود

ہماری پوزیشن واضح ہے ،خطے میں امن کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے، شاہ محمود

اسلام آباد(عکس آن لائن) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہماری پوزیشن بالکل واضح ہے، ہم خطے میں امن ، استحکام اور سلامتی کے لئے کھڑے ہیں۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انہوں نے کہا کہ تمام شراکت داروں کے ساتھ ٹیلی فونک رابطے میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ کشیدگی کو دور کرنے کے لئے متحرک سفارتکاری وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے لکھا کہ تشدد سے گریز کیا جانا چاہئے اور اس کیلئے ہم اپنی کوششیں جاری رکھیں گے،ایران امریکہ کشیدگی پر پاکستان نے پہلے بھی کہا تھا کہ وہ کسی تنازع کا حصہ نہیں بنے گا۔

انہوں نے کہا کہ فریقین اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی اصولوں کی پابندی کرتے ہوئے پرامن طریقے سے اختلافات ختم کریں۔ انہوں نے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ایران اور ترکی کے وزرائے خارجہ سے ٹیلی فون پر رابطے کر کے اپنے موقف سے آگا کیا تھا۔پاکستان اپنے اتحادیوں پر پہلے ہی کھلے لفظوں میں واضح کر چکا ہے کہ وہ اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال ہونے نہیں دے گا۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی امریکہ کے سیکرٹری خارجہ مائیک پومپیو سے ٹیلی فونک بات چیت کے دوران یہی بات کہی تھی کہ پاکستان خطے میں قیام امن کے لیے تعمیری کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے خطے میں کشیدگی ختم کرنے کے لیے بامقصد رابطوں پر زور دیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں