اسلام آباد(نمائندہ عکس ) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہمارا سب سے قیمتی اثاثہ ہمارے بچے ہیں، آج کے بچے کل کے لیڈر ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بچوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہمارا سب سے قیمتی اثاثہ ہمارے بچے ہیں، بچوں کو سہولیات فراہم کرنا حکومت اور معاشرے کی ذمہ داری ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آج کے بچے کل کے لیڈر ہیں، پاکستان کو داخلی و خارجی محاذ پر متعدد مشکلات کا سامنا ہے، ہماری اولین ترجیح ہمارے بچوں کا مستقبل ہونا چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ آج ہم پولیو سے پاک ملک بننے کے قریب ہیں، یقینی بنانا ہوگا کہ ہر بچے کو تعلیم اور صحت کی بہتر سہولیات تک رسائی حاصل ہو۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سیلاب سے متاثر ہونے والے بچوں پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موسمیاتی تباہی کے نتیجے میں تقریبا 19 ہزار اسکولوں کو نقصان پہنچا ہے، ہم مستقبل میں موسمیاتی آفات کا شکار پوری دنیا کے مقدمے کو لڑ رہے ہیں۔