کراچی (عکس آن لائن)لالی وڈ کی مقبول ترین فلم ‘پرواز ہے جنون’ میں فلائنگ آفیسر ثانیہ تیمور کا کردار ادا کرنے والی نامور اداکارہ ہانیہ عامر نے گلوکار عاصم اظہر کو انسٹاگرام سے فالو کرنا ترک کردیا۔کچھ عرصہ قبل گلوکارہ آئمہ بیگ کے ساتھ لائیو سیشن کے دوران عاصم اظہر اور اپنے تعلقات کے بارے میں انکشاف کرنے والی خوبرو اداکارہ ہانیہ عامر نے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام سے عاصم اظہر کو فالو کرنا ترک کردیا ہے۔دوسری جانب اگر باصلاحیت گلوکار عاصم اظہر کے انسٹاگرام اکائونٹ کی طرف نظر دوڑائی جائے تو اْنہوں نے بھی ہانیہ عامر کو انسٹاگرام سے اَن فالو کردیا ہے جس کے بعد اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ دونوں فنکاروں کے درمیان دوستی ختم ہوگئی ہے۔خیال رہے کہ کچھ عرصہ قبل اداکارہ ہانیہ عامر نے گلوکار عاصم اظہر سے تعلقات پر خاموشی توڑتے ہوئے کہا تھا کہ ہم ساتھ نہیں ہیں اور نہ ہی ہم ایک دوسرے کو ڈیٹ کررہے ہیں، عاصم صرف ایک اچھا دوست ہے۔
ہانیہ کے اس انکشاف کے بعد سے دونوں کے بریک اپ کی خبر سے متعلق سوشل میڈیا پر تبصرے ہورہے تھے جس کے بعد ہانیہ نے اپنی ایک انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا تھا کہ عاصم میری زندگی کا ایک خوبصورت حصہ ہے، ہم دونوں کے تعلق جتنا گہرا اور مضبوط ہے اس کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا۔گلوکارہ آئمہ بیگ کے لائیو سیشن میں ہانیہ کے اس انکشاف نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا دیا تھا کیونکہ دونوں کے تعلقات سے متعلق خبریں زبان زدعام تھیں اور متعدد پروجیکٹس اور سوشل میڈیا پوسٹس میں دونوں ساتھ بھی دکھائی دیتے رہے ہیں۔
اس ضمن میں عاصم اظہر نے بھی اپنے سوشل میڈیا پیغام میں اپنے اور ہانیہ عامر کے تعلقات کے حوالے سے کہا تھا کہ جیسا کہ ہانیہ نے کہا کہ ہمارا تعلق اتنا مضبوط ہے کہ جس کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا اور یہ ہم دونوں کے لیے ایک لیبل سے بڑھ کر ہے۔عاصم اظہر نے ہانیہ عامر کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہانیہ ایک انتہائی خوبصورت شخصیت کی مالک ہے جس نے مجھے پیار کرنا اور پیار بانٹنا سیکھایا ہے، اِسی لیے ہمارا تعلق ہمیشہ مضبوط رہے گا اورجیسا کے میں نے کہا کہ ہمارا تعلق ایک لیبل سے بڑھ کر ہے۔