گندم کے کاشتکاروں

گندم کے کاشتکاروں کو پچھیتی کاشت کیلئے پہلاپانی شاخیں نکلتے وقت لگانے کی ہدایت

فیصل آباد(عکس آن لائن) محکمہ زراعت نے گندم کے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ دھان، کپاس، مکئی اور کماد کے بعد کاشتہ فصل کو دوسرا پانی 80سے 90دن بعد لگائیں اور پچھیتی کاشت کیلئے پہلا پانی شاخیں نکلتے وقت بوائی کے 20سے 25دن بعد ، دوسرا پانی 70سے 80دن بعد گوبھ کے وقت دیا جائے جبکہ تیسرا پانی 110سے 115دن بعد دانے کی دو دھیا حالت میں دیا جائے ۔

محکمہ کے ترجمان نے کہا کہ گندم کی اچھی پیداوار حاصل کرنے کیلئے جڑی بوٹیوں کی تلفی انتہائی ضروری ہے۔کاشتکاروں کے نام پیغام میں انہوں نے کہا کہ ایک اندازے کے مطابق جڑی بوٹیوں کی وجہ سے 14سے42فیصد پیداوار کم ہو جاتی ہے اور اگر جڑی بوٹیوں کی بر وقت تلفی کر دی جائے تو پیداوار میں 15فیصد تک اضافہ ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلی آبپاشی کے بعد کھیت وتر حالت میں آنے پر دوہری بار ہیرو چلائیں اورجڑی بوٹی مار زہروں کے سپرے کیلئے 100سے120لیٹر پانی فی ایکڑ استعمال کریں جبکہ سپرے صاف اور خوشگوار موسم میں کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ دھند ، بارش اور تیز ہواکی صورت میں سپرے ہر گز نہ کریں اور خیال رکھا جائے کہ دوران سپرے فصل کا کوئی حصہ دوہری بار سپرے نہ ہو اور کوئی حصہ سپرے سے رہ بھی نہ جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں