گاڑیوں کی درآمد

گاڑیوں کی درآمد کم،مچھلی اور آلات جراحی کی برآمدمیں اضافہ

کراچی(عکس آن لائن)رواں مالی سال کے پہلے 5ماہ کے دوران گاڑیوں کی درآمدات میں 81 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ نومبر میں مچھلی کی برآمدات میں 56 فیصد اور آلات جراحی کی برآمدات میں 6 فیصد اضافہ ہوا۔

ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ (جولائی تا نومبر)کے دوران گاڑیوں کی درآمدات کا حجم 26.1 ملین ڈالر رہا جب کہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں درآمدات کا حجم 134.9 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا، اس طرح پانچ ماہ کے دوران گاڑیوں کی درآمدات میں 108.8 ملین ڈالر یعنی 80.65 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔ دریں اثنا گزشتہ ماہ نومبرمیں 54.6 ملین ڈالر کی مچھلی اور اس کی مصنوعات برآمد کی گئی جب کہ گزشتہ سال نومبر میں برآمدکی مالیت 35 ملین ڈالر تھی،اس طرح نومبر 2018 کے مقابلے میں رواں سال نومبر میں مچھلی اور اس کی مصنوعات کی برآمدات 19.6 ملین ڈالر یعنی 56 فیصد بڑھ گئی ہے ۔

علاوہ ازیں گزشتہ ماہ آلات جراحی کی برآمدات کی مالیت 35 ملین ڈالر رہی جبکہ نومبر 2018 میں 33.1 ملین ڈالر کی ایکسپورٹ ہوئی تھی۔ اس طرح آلات جراحی کی برآمدات میں 1.9 ملین ڈالر یعنی 5.89 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں