کپاس

کپاس کے کاشتکار فی ایکڑ زیادہ پیداوار کے لئے محکمہ زراعت کی منظور شدہ اقسام کابیج استعمال کریں،ترجمان محکمہ زراعت

سیالکوٹ (عکس آن لائن):ترجمان محکمہ زراعت نے کہ کپاس کے کاشتکار فی ایکڑ زیادہ پیداوار کے لئے محکمہ زراعت کی منظور شدہ اقسام کابیج استعمال کریں۔وفاقی حکومت نے کپاس کی سپورٹ پرائس 8500 روپے فی 40 کلوگرام مقرر کر دی ہے جس سے کاشتکاروں کے لئے کپاس کے کاشت ایک منافع بخش ثابت ہوگی۔ حکومت پنجاب کپاس کے تصدیق شدہ بیج کی ترویج اور پیداوار میں اضافہ کے لئے اربوں روپے کی سبسڈی بھی فراہم کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار کپاس کی کاشت کیلئے زرخیز میرا زمین کا انتخاب کریں۔

زمین کی تیاری اس طرح کی جائے کہ کھیت ہموار،زمین نرم اور بھربھری ہو۔کاشتکار کپاس کی دوسری منظور شدہ بی ٹی اقسام کا انتخاب اپنے علاقے،زمین کی قسم،پانی کی دستیابی اور محکمہ زراعت(توسیع) کے مقامی عملے کے مشورہ سے کریں۔بی ٹی اقسام کے ساتھ 10 فیصد رقبہ نان بی ٹی اقسام بھی کاشت کریں تاکہ حملہ آور سنڈیوں میں بی ٹی اقسام کے خلاف قوتِ مدافعت پیدا ہو سکے۔اگر بیج کا اگا 75 فیصد یا زیادہ ہو تو کاشت کیلئے بر اترا ہوا 6کلو گرام جبکہ بردار بیج8 کلو گرام فی ایکڑ استعمال کریں۔

کاشتکار بوائی سے قبل بیج کو مناسب کیڑے مار دوائی لگا لیں تاکہ فصل ایک ماہ تک رس چوسنے والے کیڑوں بالخصوص سفید مکھی کے حملے سے محفوظ رہے۔بیج کو بیماریوں سے بچانے کیلئے محکمہ زراعت(توسیع) کے عملہ کے مشورہ سے مناسب پھپھوندی کش زہر بھی لگا لیں۔انہوں نے کہا کہ کپاس کی کاشت ترجیحا پٹریوں پر کریں جس کیلئے مشینی طریقہ استعمال کریں یا ہاتھ سے چوپا لگائیں۔اگر کپاس کی کاشت ڈرل سے کرنی ہو تو قطاروں کا فاصلہ اڑھائی فٹ رکھیں اور جب پودوں کا قد ایک سے دو فٹ ہو جائے تو پودوں کی ایک لائن چھوڑ کر دوسری لائن پر مٹی چڑھا دیں،پٹریوں پر کاشتہ فصل میں جڑی بوٹیوں کا انسداد آسان، کھادوں کا استعمال بہتر، پانی اور بارشوں سے ہونے والے نقصان سے بھی بچت ہوتی ہے۔

ڈرل سے کاشتہ فصل کیلئے پہلی آبپاشی بوائی کے 30تا 35دن بعد اور بقیہ 12سے15 دن کے وقفے سے کریں۔پڑیوں پر کاشتہ فصل کیلئے بوائی کے بعد پہلا پانی 3 تا4 دن،دوسرا، تیسرا اور چوتھا پانی6 تا7 دن کے وقفے سے جبکہ بقیہ پانی 12 دن کے وقفے سے حسبِ ضرورت لگائیں۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار پودوں کی تعداد پوری کرنے کیلئے چھدرائی کے عمل سے زائد پودے نکال دیں۔چھدرائی کا عمل بوائی کے 20 تا 25دن کے اندریا پہلے پانی سے پہلے یا خشک گوڈی کے بعد ہر حالت میں ایک ہی دفعہ میں مکمل کریں۔20 اپریل تک کاشتہ فصل کیلئے 15 ہزار سے17ہزار5سو جبکہ21اپریل تا 10 مئی تک کاشتہ فصل کیلئے 17ہزار500سے 20ہزار تک رکھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں