لاہور (عکس آن لائن ) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے شہریوں سے گھروں میں رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وبا کا پھیلاو روکنے کے لئے عوام حکومتی اقدامات پر عمل کریں۔
اپنے بیان میں عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں وفاقی اور پنجاب حکومت نے عوام کی زندگیاں محفوظ بنانے کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے ہیں۔اپوزیشن جماعتیں وزیراعظم عمران خان کی دانشمندانہ سوچ اور دور اندیش فیصلوں سے خائف ہیں۔عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کئی ماہ لندن بیٹھ کر مزے لوٹنے والوں کی زبان سے دکھی انسانیت کی بات کسی صورت نہیں جچتی، اپوزیشن کے پاس کورونا وباء سے نمٹنے کا کوئی پروگرام ہے نہ ایجنڈا، مایوس اپوزیشن جماعتوں نے اہم قومی مسئلے پر عوام کو مایوس کیا ہے، 22 کروڑ عوام اپوزیشن کے دوغلے چہرے کو پہچان چکے۔
آج پاکستان کی دھرتی ہم سب سے یکجہتی اور اتحاد کا تقاضا کررہی ہے، اپوزیشن جماعتیں کورونا وباء پر سیاست چمکانے سے گریز کریں اور زبانی جمع خرچ سے باہر نکلیں اور مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑی ہوں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے شہریوں سے گھروں میں رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وبا کا پھیلاو¿ روکنے کے لئے عوام حکومتی اقدامات پر عمل کریں، یہ جنگ آپ کے تعاون سے ہی جیتیں گے، گھر میں رہنا ہی آپ کو کورونا سے بچائے گا۔