اسلام آباد(نمائندہ عکس) پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ نااہل سرکار کو معلوم ہو چکا ہے کہ اب ان کے پاس مینڈیٹ نہیں رہا، ان کا منصوبہ اب عدم اعتماد میں تاخیری حربے استعمال کرنا ہے،
حکومت وزیراعظم کو بچانے کے لئے ہر ماورائے آئین آپشن استعمال کرنے کے لئے تیار ہے، وزیراعظم اور وزرا کے اشتعال انگیز بیانات ملک میں انتشار پیدا کر رہے، ہفتہ کو سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹویٹ میں سینیٹر شیریں رحمان نے لکھا کہ ارکان قومی اسمبلی کو آرڈیننس کے ذریعے اور ووٹ سے پہلے نااہل کرنے کے منصوبے ماورائے آئین ہیں، کوئی بھی تاخیری حربہ اس حکومت کو بکھرنے سے نہیں بچا پائے گا، حکومت جتنے دن عدم اعتماد میں تاخیر کرے گی اتنے ہی زیادہ ارکان سے محروم ہو گی، شیری رحمان نے کہا کہ حکومت مضبوط ہے تو پارلیمان میں اکثریت دکھائے، ماورائے آئین اقدامات اٹھانے، دھاوا بولنے اور دھمکیاں دینے سے کشیدگی میں اضافہ ہوگا،
آپ عدم اعتماد سے بچ نہیں پائے گے، تحریک انصاف اب تحریک انتشار بن چکی ہے، شیری رحمان حکومت نے سندھ ہاﺅس پر حملہ کرنے والوں کو شخصی ضمانت پر رہا کرا دیا، ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے حملہ آوروں کا دفاع قابل مذمت ہے۔