چکوال ( نمائندہ عکس آن لائن)کمشنر راولپنڈی کیپٹن ( ر) محمد محمود نے ضلع چکوال میں سرکاری ریونیو کی وصولی، دیہی مراکز مال کے قیام ، اراضی ریکارڈ سنٹرز کے .انتظام و انصرام ، ریونیو جوڈیشل کیسز کی ڈسپوزل، ریونیو عوامی خدمت کچہریوں کے فورم پر عوامی مسائل کے تیز رفتار حل، سرکاری اراضی ناجائز قابضین سے واگزار کرانے ، غیر منظور شدہ ہاو¿سنگ سوسائٹیز کے خلاف قانونی کارروائی اور ریونیو کے دیگر امور میں ضلع چکوال کی ریونیو ایڈمنسٹریشن کی عمدہ کارکردگی کو سراہا ہے اور اس امر کی تاکید کی ہے کہ کارکردگی کا یہ معیار مستقل طور پر برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے یہ بات دورہ چکوال کے موقع پر ریونیو ایڈمنسٹریشن کی کارکردگی کے جائزہ کے لئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کیپٹن ( ر ) بلال ہاشم بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اجلاس کے دوران اے ڈی سی ریونیو مصور خان نیازی نے کمشنر کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے سرکاری واجبات کی تمام مدات میں کی گئی وصولی سمیت ریونیو سے متعلقہ جملہ امور میں کارکردگی کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ کمشنر کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ سرکاری اراضی کے نا جائز قابضین کے خلاف آپریشن کے رواں مرحلہ میں واگزار کرائی گئی اراضی کی مالیت 1392 ملین روپے سے زائد ہے۔ کمشنر کو مزید بتایا گیا کہ ماہانہ ریونیو عوامی خدمت کچہریوں میں اب تک موصولہ 300 عوامی شکایات میں سے 291 شکایات کا ازالہ کر دیا گیا ہے اور باقی ماندہ 9 شکایات کا ازالہ بھی جلد کر دیا جائے گا