فیصل آباد(عکس آن لائن)ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری خالد محمود نے کہا ہے کہ کماد کے کاشتکارستمبر کاشت کےلئے بیج تیار کرنے کے بعد بوائی میں کسی صورت تاخیر نہ کریں ، بیج کو کھیت میں لا کر ہی چھیلنے کو ترجیح دی جائے تاکہ اسے خرا ب ہونے سے بچایا جاسکے ۔
ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ستمبر کاشت کے لئے صحت مند بیج کے حصول کی غرض سے بہتر کھیتوں کا چنا کیاجائے۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار بیج کو اچھی طرح پھپھوند کش زہر کے محلول میں کم از کم 5منٹ تک بھگو کر اس کی کاشت یقینی بنائیں تاکہ اس کی بڑھوتری کا عمل تیز کرنے سمیت اسے مختلف بیماریوں سے بچانا ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار بیج کی کھور ی کسی تیز دھار آلے سے اتار نے کی بجائے ہاتھ سے اتاریں .
اور اس کی باربرداری کے دوران بھی احتیاط برتی جائے کیونکہ زخمی ہونے والا بیج جہاں مختلف بیماریوں کاشکار ہو سکتاہے وہیں اس کی بڑھوتری میں بھی رکاوٹیں درپیش آنے کے خدشات ہوتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار مزید رہنمائی و معلومات کیلئے زرعی ماہرین، ایگری کلچر ایس ایم ایس ہیلپ لائن نمبر 0304-4000172 یا فری ایگری کلچر ہیلپ لائن پر رابطہ کرسکتے ہیں۔