اسلام آباد (عکس آن لائن)کشمیر پریمئر لیگ اور شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے درمیان ایم اویو دستخط کر دیئے گئے ۔ منگل کو مقامی ہوٹل میں ایک تقریب کے دور ان ددستخط کئے گئے ،تقریب میں پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھی شرکت کی ۔چیئرمین کشمیر پریمیر لیگ عارف ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کشمیر پریمیر لیگ کے حوالے سے 5جنوری کو میرپور، 6جنوری کو باغ ، 7جنوری کو مظفرآباد میں ٹرائلز ہوں گے،ہزاروں کی تعداد میں نوجوان ٹرائلز میں حصہ لیں گے،کشمیر پریمیر لیگ کے زریعے نوجوان کھلاڑی ڈومیسٹک ٹیم اور پھر پی ایس ایل میں بھی کھیلیں گے،کشمیر پریمیر لیگ کے دوران بھی فنڈ ریزنگ کا کام کیا جائے گا۔ چیف ایگزیکٹو کشمیر پریمئر لیگ شہزاد اختر نے بتایاکہ شاہد آفریدی سے جڑنے کے بعد ہم اپنی کاز کو بہتر سے بہتر طریقے سے نبھارہا ہے ہیں ۔شاہد آفریدی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کشمیر پریمیر لیگ اور شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے درمیان ایم او یو سائن ہونا خوش آئند ہے،بہت سی لیگز کا حصہ بنا ہوں تاہم کشمیر پریمیر لیگ کیلئے بہت خواہش تھی کہ ہو،میری کوشش ہوگی کہ جتنا زیادہ ہوا میں کشمیر پریمئر لیگ کیلئے کرنے کی کوشش کروں گا،میرا دل کر رہا ہے کہ کشمیر پریمیر لیگ کی ہر فرنچائز کے ساتھ کھیلوں،کشمیر پریمیر لیگ میں کھیلنے کی شرط میں نے رکھی ہے کہ کشمیر میں کرکٹ اکیڈمی بنے گی،کشمیر میں نہ صرف سپورٹس بلکہ صحت کے شعبے میں بھی کام کرنے کا پلان ہے،میری درخواست ہے سب سے کہ کشمیر پریمیر لیگ کو مکمل سپورٹ کریں۔
شاہد آفریدی نے کہاکہ آخری دفع جب آزاد کشمیر گیا تو ڈیڑھ کلومیٹر دور ظلم کی انتہا تھی،بھارت نے جموں کشمیر میں ظلم کی انتہا کر دی ہے،دنیا میں کہیں بھی ناانصافی ہو رہی ہو تو ووہاں ہمیں آواز اٹھانی چاہیے،مجھے کوئی فکر نہیں کہ پڑوسی ملک میں کام مجھے ملے گا یا نہیں،ایسا وقت ضرور آئیگا جب کشمیریوں کو آزادی ملے گی۔ انہوںنے کہاکہ حکمرانوں پر زمہ داری ہے کشمیریوں کے حق کے لیے دوبارہ اواز اٹھائیں،جب میں کرونا وائرس کے دنوں میں کام کر رہا تھا تو لوگ کہہ رہے تھے کہ یہ وزیراعظم بننا چاہتا ہے،مستحق لوگوں کو ان کا حق دلانا سیاست سے بڑا کام ہے،میں مستحق لوگوں کیلئے کام کرتا رہوں گا اور ہمیشہ وزیراعظم رہوں گا۔ انہوںنے کہاکہ پی سی بی کو کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ خود کو بھی گروم کرنے کی ضرورت ہے،ماضی میں میرے ساتھ ،شعیب اختر اور عبدالرزاق کے ساتھ بھی محمد عامر جیسا معاملہ ہوا،میں کشمیر میں کرکٹ اکیڈمی ضرور بناؤں گا،کشمیر میں صحت کا بہت بڑا مسلہ ہے اور میں کشمیر میں بھی صحت کے لیے کام کروں گا۔ انہوںنے کہاکہ میری خواہش ہے کہ کشمیر پریمئر لیگ کشمیر میں ہی ہونی چاہیے،اگر کشمیر پریمیر لیگ ہورہی ہے تو کشمیر میں میچوں کا فائدہ ہوگا،اگر لائٹس نہیں بھی لگیں تو دن میں مظفرآباد میں میچ ہونے چاہئیں ،صدر آزاد کشمیر اور وزیر اعظم آزاد کشمیر کو کشمیر پریمیر لیگ کے لیے سامنے آنا ہوگا۔