عالیہ ریاض

کرکٹ گراؤنڈ اور ساتھی کھلاڑیوں کو سب سے زیادہ مس کررہی ہوں ، عالیہ ریاض

لاہور (عکس آن لائن) پاکستانی ویمن قومی ٹیم کی آل راؤنڈر عالیہ ریاض نے کہا ہے کہ کرکٹ گراؤنڈ اور ساتھی کھلاڑیوں کو سب سے زیادہ مس کررہی ہوں ۔ ایک انٹرویومیں عالیہ ریاض نے کہا کہ میں ان دنوں کرکٹ گراؤنڈ اور ساتھی کھلاڑیوں کو سب سے زیادہ مس کر رہی ہوں،

میری دعا ہے کہ جلد اس وبا سے نجات ملے اور کھیلوں کی سرگرمیاں بحال ہوں۔انھوں نے کہا کہ ساتھی کھلاڑیوں کو بھی بہت یاد کرتی ہوں اور ان کے ساتھ روزانہ ویڈیو پر بات چیت کرتی رہتی ہوں۔عالیہ ریاض نے کہا کہ اس لاک ڈاؤن کی وجہ سے گھر والوں کے ساتھ ایک لمبے عرصے کے بعد وقت گزارنے کا موقع ملا ہے، گھر میں رہتے ہو ئے میں اپنا ناشتہ خود تیار کرتی ہوں، اب جب کہ رمضان شروع ہو گیا ہے تو میں افطاری میں اپنی والدہ اور بہن کی مدد کروں گی،

افطاری کے لیے فروٹ چاٹ خود بناؤں گی۔آل راؤنڈر نے بتایا کہ روزانہ کی بنیاد پر اپنے گھر کے بیسمنٹ میں ورک آؤٹ کرتی ہوں تاکہ فٹنس برقرا ر رہے اور پھر سہہ پہر میں اپنی بہن اور بھائی کے ساتھ گھر کی چھت پر کرکٹ کھیلتی ہوں، بہن کی بولنگ پر ہٹنگ کرتی ہوں جب کہ بھائی بال لیکر آتا ہے۔ عالیہ ریاض نے کہا کہ اس مشکل وقت میں کوشش کریں کہ زیادہ سے زیادہ گھروں میں رہیں،

اپنی فیملی کے ساتھ وقت گزار کر انجوائے کریں ، طبی ماہرین اور حکومت کی جانب سے جو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا کہا گیا اس پر عمل کریں، ماسک پہنیں، ہینڈ سینی ٹائزر استعمال کریں، اور سب سے بڑھ کر سماجی فاصلے اختیار کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں