کراچی (عکس آن لائن)کراچی میٹرک بورڈ کے رواں سال 2023ء کے امتحانات کے نتائج میں بے قاعدگیوں کا انکشاف ہوا ہے، اس سال بھی ہزاروں طلبہ کو یکساں نمبرز دیے گئے۔ذرائع کے مطابق ایجنٹوں کے ہزاروں نمبرز کو فارمولے کے تحت بالکل ایک جیسے نمبرز دیے گئے، پہلی بار زیادہ رقم دینے والے ایجنٹوں نے گولڈن نمبر 999 اور 888 متعارف کروائے۔محکمہ تعلیم سندھ کے مطابق میٹرک بورڈ انتظامیہ کی جانب سے نتائج تبدیل کرنے والوں کے خلاف تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ناظم امتحانات میٹرک بورڈ عمران بٹ نے بتایا کہ ہم معاملے کی گہرائی تک جائیں گے، کوئی ملوث ہوا تو کارروائی کریں گے، تحقیقات کی رپورٹ اعلیٰ حکام کو پیش کی جائیں گی۔دوسری جانب معاملے سے متعلق دستاویزات منظر عام پر آگئیں ،دستاویزات کے مطابق 407 طلبہ کو 999 اور 885 طلبہ کو 888 نمبر دیے گئے، 839 طلبہ کو 901 نمبرز، 907 طلبہ کو 877 نمبرز جبکہ 912 طلبہ کو 905 نمبرز دیے گئے۔ حاصل ہونے والی دستاویزات کے مطابق 912 طلبہ کو 904 نمبرز اور 894 طلبہ کو 880 نمبرز دیے گئے۔