کراچی (نمائندہ عکس ) ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی وسندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں ترجیحی بنیادوں پر ترقیاتی کام جاری ہیں۔ مشیر قانون سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب نے رات گئے جناح اسپتال سے متصل رفیقی سرور شہید روڈ کا دورہ کیا اور جناح اسپتال سے متصل روڈ پر جاری ترقیاتی کاموں اور روڈ کارپیٹنگ کا معائنہ کیا۔ دورے کے دوران ایڈمنسٹریٹر کراچی نے بننے والی سڑک کی اسر نو تعمیر کا جائزہ لیا اور حکام سے بریفنگ لی۔ جناح اسپتال اور متصل علاقے کے رہائشیوں نے روڈ کارپیٹنگ اور تزین و آرائش پر ایڈمنسٹریٹر کراچی کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر مرتضی وہاب نے کہا کہ رفیقی شہید 3.2 کلو میٹر ڈبل روڈ کی کارپیٹنگ اور اسٹریٹ لائیٹ، سوریج لائین، فٹ پاتھ سمیت تمام تزین و آرائش کے ساتھ مکمل کیا جارہا ہے۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی کا کہنا ہے کہ چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے خصوصی احکامات پر کراچی شہر کے مختلف علاقوں میں ترجیحی بنیادوں پر ترقیاتی کام جاری ہیں۔ مرتضی وہاب نے مزید کہا کہ وزیراعلی سندھ اور وزیر بلدیات کی خصوصی دلچسپی اور انہوں مواقع اور فنڈز جاری کئے جس کی بدولت شہر میں ترقی کا سفر جاری ہے۔
واضح رہے کہ ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب کے ہمراہ پیپلز پارٹی ضلع جنوبی کے صدر خلیل ہوت، شکیل چوہدری اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔