فیصل آباد (عکس آن لائن) محکمہ زراعت نے گلابی سنڈی کے لاروا کو ختم کرنے کیلئے کپاس کی چھڑیوں کو ہلانے اور گرے ہوئے ٹینڈوں و پتوں کو جلانے کی ہدایت کی ہے اورکہاہے کہ کاشتکار کپاس کے ڈھیروں پر جنسی پھندے لگائیں اور گلابی سنڈی کا حملہ نقصان کی معاشی حد پانچ لاروے فی 100 ٹینڈے ہونے پر مقامی عملہ کے مشورہ سے سفارش کردہ زہر کا استعمال کریں تاکہ اس سنڈی کا بروقت سد باب کیا جا سکے۔
محکمہ کے ذرائع نے بتایاکہ محکمہ زراعت کے شعبہ پیسٹ وارننگ کی رپورٹ کے مطابق ضلع لودھراں کی تحصیل لودھراں ،دنیا پور،کروڑپکا،بہاولپور کی تحصیل احمد پور شرقیہ،یزمان، حاصل پور،بہاولنگر کی فورٹ عباس اور ضلع رحیم یار خان کی تحصیل خان پور،لیاقت پوراورصادق آبادمیں چند مقامات پر کپاس کی فصل پر گلابی سنڈی کا معمولی حملہ دیکھا گیا ہے
۔انہوں نے بتایاکہ رپورٹ کے مطابق یہ حملہ گزشتہ سال0.15فیصد کی نسبت 1.73فیصد ہے لہٰذا کاشتکاروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اس سنڈی کے انسداد کیلئے مقامی عملے سے مشورہ کرکے گلابی سنڈی کو کنٹرول کریں کیونکہ اس سے نہ صرف کپا س کی پیداوار کم ہوتی ہے بلکہ اس کا معیار بھی متاثر ہوتاہے ۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار ہفتہ میں 2بار کپاس کی فصل کی پیسٹ سکاؤٹنگ بھی یقینی بنائیں۔