فیصل آباد (عکس آن لائن) محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو کماد کی برداشت کے بعد خالی ہونے والی زمینوں میں گندم کاشت نہ کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ کاشتکارکماد کی برداشت کے بعد خالی ہونے والی زمینوں میں گندم کاشت نہ کریں کیونکہ گندم کی کاشت اب پچھیتی ہوگئی ہے اسلئے گندم کی فی ایکڑ پیداوار بھی کم ہوگی لہٰذا وہ گندم کی بجائے بہاریہ سورج مکھی کاشت کریں جبکہ بھاری میرا زمین سورج مکھی کی کاشت کیلئے موزوں ہے۔
محکمہ کے ترجمان نے کہا کہ کاشتکار زمین کی تیاری کیلئے راجہ یا ڈسک ہل پوری گہرائی تک چلائیں تاکہ پودوں کی جڑیں گہرائی تک جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہخادم پنجاب کسان پیکج کے تحت سورج مکھی کی منافع بخش کاشت کے فروغ کیلئے کروڑوں روپے سبسڈی اوررجسٹرڈ کسانوں کو سورج مکھی کی کاشت پر بذریعہ واؤچر فی ایکڑ سبسڈی فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبہ کے تحت رجسٹر ڈ کسانوں کو سورج مکھی کی کاشت کیلئے 10ایکڑ تک سبسڈی مہیا کی جائے گی ۔