فیصل آباد (عکس آن لائن)کاشتکاروں کو مرچ کے وائرسی امراض، تیلے، پتہ مروڑ وائرس، سفید مکھی، گوڑھ سے بچانے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے اور کہاگیاہے کہ کاشتکاراس ضمن میں کسی غفلت کامظاہرہ نہ کریں کیونکہ پنجاب، سندھ، خیبر پختونخواہ، بلوچستان میں بعض مقامات پر مذکورہ بیماریوں کے مرچ کی فصل پر حملہ آور ہونے سے کچھ نقصان دیکھنے میں آ رہاہے اور پیداوار میں بھی کمی کا خدشہ ہے۔
جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین زراعت نے کہاکہ کاشتکار مرچ کو مختلف بیماریوں سے بچانے کیلئے صحتمند بیج استعمال کریں اور ہر دو سے تین سال بعد فصلوں میں غیرمیزبان پودوں سے ہیرپھیر بھی کیاجائے۔انہوں نے کہاکہ جڑی بوٹیوں کی تلفی اور آبپاشی کے نظام میں بہتری لا کربھی فصل کو نقصان سے بچایاجاسکتاہے۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار متاثرہ پودوں کی باقیات کو فوری تلف کردیں اور ایسی اقسام کا انتخاب کریں جس سے پھل جلدی تیار ہو جاتاہو۔
انہوں نے کہاکہ پھل کو زخمی ہونے سے بچانا بھی انتہائی اہمیت کاحامل ہے۔ انہوں نے کہاکہ قوت مدافعت کی حامل اقسام کی کاشت نہ ہونے سے پھل کاسڑا بھی مرچ کیلئے انتہائی نقصان دہ ہے اسی طرح سفوفی پھپھوندی کے بروقت تدارک کیلئے بھی مناسب زہروں کا سپرے کیاجانا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار مزید رہنمائی کیلئے ماہرین زراعت یامحکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی خدمات سے بھی استفادہ کرسکتے ہیں۔