فیصل آباد (عکس آن لائن) محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو آلو کی درجہ بندی کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ کاشتکار 35 سے 55ملی میٹر گولائی تک کے انڈے کے سائز کے برابر آلو کو بطور بیج استعمال کرنے کیلئے الگ کرلیں ۔
محکمہ کے ترجمان نے کہاکہ کاشتکاروں کو بھرائی سے پہلے آلوؤں پر لگی مٹی اچھی طرح صاف کر لینی چاہیے اور بھرائی کیلئے پٹ سن کی بوریا ں بھی استعمال کرنی چاہئیں۔ انہوں نے کہاکہ ڈھیلی بھری ہوئی بوریوں کے نرخ ہمیشہ کم لگتے ہیں اس لئے درجہ بندی کرنے پر فصل کے بہتر نرخ کاحصول ممکن ہو سکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ کٹ لگے یا رگڑ سے خراب ہونے والے آلوؤں کی بھرائی ہمیشہ صحت مند آلوؤں سے الگ کرنی چاہیے ۔
انہوں نے کہاکہ اس کیلئے بہتر اور آسان طریقہ یہ ہے کہ آلوؤں کو زمین سے نکال کرٹوکروں میں بھر دیاجائے اور پھر صاف زمین پر پلٹ کر آلوؤں پر لگی تمام مٹی جھاڑ دی جائے جس کے بعد درجہ بندی میں آسانی ہو سکتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں مزید رہنمائی کیلئے محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی خدمات سے بھی استفادہ کیاجاسکتاہے۔