ڈاکٹریاسمین راشد

ڈاکٹر کو”ایک انسان کی جان بچانا پوری انسانیت کی جان بچانے” کے جذبہ کے تحت مریضوں کی خدمت کرنی چاہئے’وزیر صحت پنجاب

لاہور(عکس آن لائن ) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدنے انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ میں سینئر ڈاکٹرزکی چارہفتے کے تربیتی سیشن میں بطورمہان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر ڈین انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ ڈاکٹرزرفشاں طاہر،ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیراینڈ میڈیکل ایجوکیشن عامر حسین غازی اورپنجاب بھرکے مختلف ہسپتالوں سے ڈاکٹرز،ایم ایس حضرات،اسسٹنٹ پروفیسرز،پروفیسرز اورسی ای اوزنے بھی شرکت کی۔ڈین انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ ڈاکٹرزرفشاں طاہرنے وزیر صحت کی آمدپرشکریہ اداکیااور تربیتی ورکشاپ کے اغراض و مقاصدبیان کئے۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ ڈاکٹرز،ایم ایس حضرات،اسسٹنٹ پروفیسرز،پروفیسرز اورسی ای اوزکی تربیت کا پروگرام انتہائی اہم ہے۔ڈاکٹرزکی تربیت کا بنیادی مقصدپنجاب کے ہسپتالوں کے حالات بہترکرناہے۔ اللہ پاک نے ایک ڈاکٹرپر مریض کے علاج کی بہت بڑی ذمہ داری عائدکی ہے۔صوبائی وزیر صحت نے مزیدکہاکہ کسی بھی سرکاری ہسپتال کی کارکردگی سوفیصد مریضوں کی تعدادپر منحصرہوتی ہے۔ پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں کے اچانک دوروں کا مقصدمریضوں کے لئے بہترعلاج کویقینی بناناہے۔

ڈاکٹری ایک پیغمبرانہ پیشہ ہے۔ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں حاضری،صفائی ستھرائی،فضلہ کی تلفی اور مریضوں کے ساتھ رویوں کو مانیٹرکیاجارہاہے۔یہاں بیٹھاہرشخص ہسپتالوں کے حالات بہترکرنے کا ذمہ دارہے۔ایک ڈاکٹرکے علاج کی تشبیہ حضرت عیسیٰ کے مردہ کوزندہ کرنے کے معجزہ سے دی جاتی ہے۔ ڈاکٹرز سرکاری ہسپتالوں کے حالات مزیدبہترکرنے کیلئے بھی سفارشات پیش کریں۔وزیر صحت پنجاب نے کہاکہ قلمدان سنبھالنے کے بعدسب سے بڑاچیلنج محکمہ صحت کی خالی اسامیوں پربھرتی تھا۔ابھی تک 32ہزارڈاکٹرز،نرسزاور پیرامیڈکس کو پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ذریعے سوفیصدمیرٹ پربھرتی کیاگیاہے۔ایک ڈاکٹرمیں لیڈرشپ کی تمام خوبیاں ہونی چاہئیں اورایک ڈاکٹریا پروفیسرپورے ہسپتال کیلئے رول ماڈل ہوتے ہیں۔وزیر اعظم عمران خان اور وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدارکے ویژن کے مطابق سرکاری ہسپتالوں کے حالات بہتربنارہے ہیں۔

صوبائی وزیر صحت نے مزیدکہاکہ ڈاکٹرکے بہتررویے سے مریض کی عادی بیماری ختم ہوجاتی ہے۔ڈاکٹر کو”ایک انسان کی جان بچانا پوری انسانیت کی جان بچانے” کے جذبہ کے تحت مریضوں کی خدمت کرنی چاہئے۔پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں کاخوددورہ کرکے حالات دیکھے ہیں۔ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ حکومت صوبہ کے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کوبہترعلاج دینے کیلئے اربوں روپے خرچ کرری ہے۔سرکاری ہسپتالوں کے ڈاکٹرزکے تربیتی سیشنزکاسلسلہ جاری رہے گا۔سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کیلئے آسانیاں پیداکرنے کیلئے ڈاکٹرزکوکوشش کرنی چاہئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں