شی جن پھنگ

چینی صدر سرکاری دورے پر روس کے دارالحکومت ماسکو پہنچ گئے

ما سکو (عکس آن لائن) چینی صدر شی جن پھنگ سرکاری دورے پر روس کے دارالحکومت ماسکو پہنچ گئے۔ اپنے دورے کے دوران، چینی صدر سوویت یونین کی حب الوطنی کی عظیم جنگ کی فتح کی 80ویں سالگرہ کی تقریبات میں بھی شرکت کریں گے۔ شی جن پھنگ کا خصوصی طیارہ روسی فضائی حدود میں داخل ہونے کے بعد روسی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے اس کی حفاظت کے لیے ٹیک آف کیا۔ ہوائی اڈے پر روس کی جانب سے شاندار استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ 

شی جن پھنگ نے اپنے ابتدائی خطاب میں  چینی حکومت اور عوام کی جانب سے روسی حکومت اور عوام کے لیے مخلصانہ مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ شی جن پھنگ نے اس بات کی نشاندہی کی کہ چین اور روس اچھے پڑوسی ہیں جنہیں الگ نہیں کیا جا سکتا، سچے دوست  ہیں جو خوشی اور غم میں شریک ہیں اور اچھے شراکت دار ہیں جو باہمی کامیابیاں حاصل کرتے ہیں۔ دونوں فریقوں نے بڑے ہمسایہ ممالک کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ رہنے کے لیے کامیابی کے ساتھ ایک صحیح راستہ تلاش کیا ہے اور نئے دور میں چین روس اسٹریٹجک تعاون کے جذبے کو جنم دیا ہے۔

چین اور روس کے تعلقات نے نہ صرف دونوں ملکوں کے عوام کو زبردست فائدہ پہنچایا ہے بلکہ عالمی تزویراتی استحکام کو برقرار رکھنے اور ایک مساوی اور منظم کثیر القطبی دنیا کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ چین اور روس دوسری عالمی جنگ کی فتح کے نتائج کے دفاع کے لیے مل کر کام کریں گے، تسلط اور طاقت کی سیاست کی  مخالفت کریں گے، حقیقی کثیرالجہتی پر عمل کریں گے اور ایک زیادہ منصفانہ اور معقول عالمی نظام حکومت کی تعمیر کو فروغ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ  میں صدر پوٹن کے ساتھ دو طرفہ تعلقات، عملی تعاون اور مشترکہ تشویش کے بین الاقوامی اور علاقائی مسائل پر گہرائی سے بات چیت کا منتظر ہوں، تاکہ نئے دور میں چین اور روس کے درمیان ہم آہنگی کی جامع اسٹریٹجک شراکت داری کی ترقی میں مضبوط محرک پیدا کیا جا سکے۔صدر شی نے کہا کہ میں بہت سے ممالک کے رہنماؤں اور روسی عوام کے ساتھ مل کر ان شہداء کی یاد منانے کے لیے پرامید ہوں جنہوں نے فسطائیت مخالف عالمی جنگ کی فتح کے لیے بہادری سے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، اور بین الاقوامی  انصاف کے تحفظ کے لیے مشترکہ طور پر وقت کی مضبوط آواز بنے۔