بیجنگ (عکس آن لائن) پاکستان کے77 ویں یوم آزادی کے موقع پر بیجنگ میں پاکستان کے سفارت خانے میں ایک پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔بدھ کے روز تقریب میں چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی سمیت سفارت خانے کے اعلیٰ حکام اور چین میں موجود پاکستانی کمیونٹی نے شرکت کی۔ سفیر خلیل ہاشمی نے پاکستان کا قومی پرچم فضا میں بلند کیا ۔
تقریب میں پاکستان کے صدر اور وزیر اعظم کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ پیغامات میں قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں جدوجہد آزادی کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا جن کے نتیجے میں 14 اگست 1947 کو پاکستان معرض وجود میں آیا ۔
سفیر خلیل ہاشمی نے اپنے خطاب میں پاکستان کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی کے لئے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے اہم کردار پر زور دیا۔ انہوں نے چین میں پاکستانیوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کو مضبوط بنانے کے لئے اپنا فعال کردار جاری رکھیں۔