بیجنگ (عکس آن لائن)چینی وزارت خارجہ نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں لڑکیوں کے ایک سیکنڈری سکول کے قریب بم حملوں پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کی شدید مذمت کی ہے۔ چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چھون اینگ نےحملوں میں کسی بھی چینی شہری کے زخمی نہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئےکہا کہ ہمیں حملوں میں ہلاکتوں پر شدید صدمہ ہواہے اور سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ ہوا چھون اینگ نے کہا کہ چین انتہا پسندی اور شدت پسندی کےتمام تر مظاہر کی ہمیشہ سختی سے مخالفت کرتا ہے ،
چین دہشت گردی سے نمٹنے اور قومی سلامتی اور استحکام کے تحفظ کے لئے اپنی کوششوں میں افغان حکومت اور عوام کی بھر پور حمایت جاری رکھے گااور افغانستان میں جلد امن کے قیام میں مدد کے لئے عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے تیار ہے۔ترجمان نے کہا کہ امریکہ کے افغانستان سےاچانک افواج کے مکمل انخلا کے حالیہ اعلان کے نتیجے میں پورے ملک میں دھماکہ خیز حملوں کا سلسلہ شروع ہواہے جس سے سیکورٹی کی صورتحال خراب اور امن و استحکام کے ساتھ ساتھ لوگوں کی جان و سلامتی کو بھی خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین افغانستان میں غیر ملکی افواج سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ ملک اور خطے میں لوگوں کی سیکورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے ذمہ دارانہ انداز میں انخلا کریں اور افغان عوام کو مزید انتشار اور تکلیف پہنچانے سے گریز کریں۔