بیجنگ (عکس آن لائن) چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیئن نے یومیہ پریس کانفرنس میں پاکستان میں چینی اہلکاروں پر ہونے والے دہشت گرد حملے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم دہشت گردی کی اس کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔
انہوں نے جاں بحق ہونے والوں پر دکھ اور رنج کا اظہار اور ان کے اہل خانہ سے گہری تعزیت اور دلی ہمدردی کی ۔بدھ کے روز چینی میڈ یا گروپ کے مطا بق لین جیئن نے کہا کہ چین اس بات کا اعادہ کرتا ہے کہ دہشت گردی تمام انسانیت کی مشترکہ دشمن ہے اور دہشت گردی کا قلع قمع بین الاقوامی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور بیرون ملک چینی باشندوں، اداروں اور منصوبوں کی سلامتی کا بھرپور تحفظ کرتا ہے۔ لین جیئن نے کہا کہ چین اور پاکستان دہشت گردوں کو وہ قیمت ادا کرنے پر مجبور کرنے کا عزم اور صلاحیت رکھتے ہیں جس کے وہ مستحق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چین پاک تعاون کو کمزور کرنے کی کوئی بھی سازش کامیاب نہیں ہوگی۔ چین پاکستان کی معاشی اور سماجی ترقی اور لوگوں کے ذریعہ معاش کو بہتر بنانے کی حمایت جاری رکھے گا اور دونوں ممالک کے عوام کے مفاد کے لئے تمام شعبوں میں چین پاکستان تعاون کو ثابت قدمی سے آگے بڑھائے گا۔