ما سکو (عکس آن لائن) روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے ماسکو میں سی پی سی سینٹرل کمیٹی کے پولیٹیکل بیورو کے رکن اور مرکزی خارجہ امور کمیشن کے دفتر کے ڈائریکٹر وانگ ای سے ملاقات کی۔اس موقع پر وانگ ای نے کہا کہ نئے عہد میں چین-روس تعاون کی جامع اسٹریٹجک پارٹنرشپ نے کبھی کسی تیسرے فریق کو نشانہ نہیں بنایا اور نہ ہی کسی تیسرے فریق کی جانب سے اس میں مداخلت کی گئی۔ چین اور روس کے تعلقات ایک ٹھوس سیاسی، اقتصادی اور تہذیبی بنیاد رکھتے ہیں۔ عالمی کثیر قطبیت اور بین الاقوامی تعلقات میں جمہوری عمل کے لئے ہماری سپورٹ ،عصر حاضر کے عالمی رجحان اور بیشتر ممالک کی امنگوں کے مطابق ہے۔ چین روس کے ساتھ مل کر سیاسی باہمی اعتماد ، اسٹریٹجک کوآرڈینیشن کو مضبوط بنانے، عملی تعاون کو وسعت دینے، دونوں ممالک کے جائز مفادات کے تحفظ اور عالمی امن اور ترقی کے فروغ میں تعمیری کردار ادا کرنے کا خواہاں ہے۔
پیوٹن نے کہا کہ اس وقت روس اور چین کے تعلقات طے شدہ اہداف کی جانب بڑھ رہے ہیں اور دونوں فریقوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بین الاقوامی تعلقات کی جمہوریت اور بین الاقوامی ڈھانچے کے توازن اور استحکام کو فروغ دینے کے لئے بہت اہمیت کا حامل ہے۔فریقین نے یوکرین کے مسئلے کے بارے میں بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ وانگ ای نے بات چیت کے ذریعے مسئلے سے نمٹنے کے لیے روس کے موقف کی حمایت کی ہے ۔