بیجنگ (عکس آن لائن)چین کے صدر مملکت شی جن پھنگ نے ریاض میں منعقدہ چین – خلیج تعاون کونسل کی پہلی سربراہی کانفرنس میں شرکت کی اور کانفرنس سے خطاب کیا۔اتوار کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق یہ چین اور خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کے رہنماوں کی پہلی سربراہی کانفرنس تھی، جس میں چین اور خلیج تعاون کونسل کے درمیان تعاون پر بات چیت کی گئی۔ فریقین نے چین-خلیج تعاون کونسل کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری قائم کرنے اور مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ اس کانفرنس کے بعد چین اور خیلج تعاون کونسل کے تعلقات نئے مرحلے میں داخل ہوچکے ہیں۔
موجودہ بین الاقوامی صورتحال اتار چڑہاو کا شکار ہے اور عالمی معیشت کمزور ہورہی ہے۔ بالخصوص خوراک اور توانائی کی سکیورٹی کو چیلنجز کا سامنا ہے۔چین –خلیج تعاون کونسل کی اسٹریٹجک شراکت داری کے قیام سے، نہ صرف متعلقہ فریقوں کی ترقی بلکہ دنیا کی امن و ترقی کے لیے بھی نئے مواقع میسر آئیں گے۔
چین کے صدر مملکت شی جن پھنگ نے اپنے خطاب میں چین-خلیج تعاون کونسل کی تزویراتی شراکت داری پر روشنی ڈالی اور ٹھوس تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے بھی تفصیلات بتائیں۔
چین خلیج ممالک کے ساتھ توانائی کے علاوہ اعلیٰ ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو بھی فروغ دینا چاہتا ہے اور خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک نےبھی اس کانفرنس کے اہداف کو عملی جامہ پہنانے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ تاریخ کے نئے نقطہ آغاز پر چین اور خلیج ممالک کے تعلقات یقیناً زیادہ جاندار ہوں گے۔