بیجنگ (عکس آن لائن)چین کے ریاستی کونسلر اور وزیر خارجہ وانگ ای نے چولپون اتا میں کرغیز وزیر خارجہ رسلان قازاک بائیف کے ساتھ مذاکرات کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں شرکت کی۔اتوار کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق وانگ ای نے کہا کہ چین اور کرغزستان کے تعلقات آزمائشوں اور مشکلات کے ایک غیر معمولی سفر سے گزرے ہیں۔ دونوں سربراہان مملکت کی تزویراتی رہنمائی میں فریقین حقیقی طور پر اچھے پڑوسی، اچھے دوست، اچھے شراکت دار اور اچھے بھائی بن چکے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان کسی قسم کے بڑے اختلافات اور حل طلب مسائل نہیں ہیں۔ چین، کرغزستان کے ساتھ مل کر، سفارتی تعلقات کے قیام کی 30ویں سالگرہ کے موقع پر دو طرفہ تعاون کے روشن مستقبل کی شروعات اور چین اور کرغزستان کے عوام کے لیے مزید ثمرات لانے کا خواہاں ہے۔
اس موقع پر فریقین نے چین اور کرغزستان کے درمیان جامع تزویراتی شراکت داری کو اعلیٰ سطح پر لے جانے پر اتفاق کیا۔دونوں فریقوں کا ماننا ہے کہ موجودہ پیچیدہ علاقائی اور بین الاقوامی چیلنجوں کے پیش نظر صدر شی جن پھنگ کے تجویز کردہ گلوبل ڈویلپمنٹ انیشیٹو اور گلوبل سیکیورٹی انیشیٹو پر عمل درآمد تیز کرنا چاہیے، مشترکہ طور پر وسطی ایشیا کے استحکام اور ترقی کو فروغ دینا چاہیے ، خطے میں افراتفری اور تقسیم کی مخالفت کرنی چاہیے، حقیقی کثیرالجہتی پر قائم رہنا چاہیے، بین الاقوامی تعلقات کے بنیادی اصولوں کا تحفظ کرنا چاہیے، اور یکجہتی کے ساتھ عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہیے۔
فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ “بیلٹ اینڈ روڈ” کی اعلیٰ معیار کی مشترکہ تعمیر میں تیزی لانے اور چین اور کرغزستان کے درمیان نسل در نسل دوستی کو بھرپور طریقے سے فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔