اسلام آباد ہائیکورٹ

چیئرمین نیب کی تعیناتی،چیف جسٹس پاکستان سے مشاورت کی درخواست مسترد

اسلام آباد(کورٹ رپورٹر) اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین نیب کی تعیناتی کے لیے چیف جسٹس پاکستان سے مشاورت کی درخواست مسترد کردی ۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آبادہائیکورٹ میں چئیرمین نیب کی تعیناتی کےلئے چیف جسٹس پاکستان سے مشاورت کے لیے درخواست پر سماعت چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کی۔ درخواست گزارکےوکیل نے موقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پرعمل درآمد نہیں ہوا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ اس فیصلے میں سپریم کورٹ کی صرف آبزرویشن تھی، سپریم کورٹ کے جس فیصلے کا آپ نے حوالہ دیا اس کے بعد کافی فیصلے آچکے ہیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ یہ پارلیمنٹ کا اختیار ہے کہ چئیرمین نیب کی تعیناتی کرے،عدالت اس حوالے سے ہدایات نہیں دے سکتی۔ چیف جسٹس اطہرمن اللہ نےدرخواست پردلائل کے بعد احکامات جاری کئے اور درخواست ناقابلِ سماعت قرار دے کر خارج کردی۔ واضح رہے کہ پارلیمنٹ سے نیب قوامین میں ترامیم کی منظوری اور صدارتی آرڈیننس کی مدت ختم ہونے کے بعد چیئرمین نیب جسٹسں ریٹائرڈ جاوید اقبال اپنے عہدے سے 2 جون کو سبکدوش ہوگئے۔ گزشتہ ماہ پارلیمنٹ سے منظور کرائے گئے نیب آرڈیننس ترمیمی ایکٹ کے تحت ڈپٹی چیئرمین نیب ظاہرشاہ نے نئے سربراہ کی تقرری تک چیئرمین کا عہدہ سنبھال لیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں