چہل قدمی

چہل قدمی اورسائیکلنگ ہارٹ اٹیک سے بچانے میں مددگار

لندن (عکس آن لائن)روزانہ کچھ دیر چہل قدمی یا سائیکل چلانا ہارٹ اٹیک کے خطرے میں کمی لانے میں مدد دے سکتا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ بات برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔لیڈز یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ جسمانی سرگرمیاں صحت کو اہم فوائد پہنچانے میں مدد دیتی ہیں۔

اس تحقیق کے دوران برطانیہ کے 4 کروڑ 30 لاکھ افراد کے ڈیٹا کو دیکھ کر یہ نتیجہ نکالا گیا جو لوگ پیدل چلنے یا سائیکل کو ترجیح دیتے ہیں، ان میں ہارٹ اٹیک کی شرح دیگر افراد کے مقابلے میں کم ہوتی ہے۔محققین کے مطابق 2011 میں ایسے علاقے جہاں لوگ پیدل چلنے یا سائیکل کو سفر کے لیے ترجیح دیتے ہیں، وہاں اگلے 2 سال میں مردوں اور خواتین میں ہارٹ اٹیک کی شرح میں کمی دیکھنے میں آئی،تحقیق میں بتایا گیا کہ امراض قلب کا خطرہ بڑھانے والے بڑے عناصر میں ورزش سے دوری، موٹاپا، تمباکو نوشی اور ذیابیطس شامل ہیں اور ان سب کو مدنظر رکھنے کے بعد یہ نتیجہ نکالا گیا کہ چہل قدمی یا سائیکل کا انتخاب صحت کو اضافی فائدہ پہنچاتا ہے۔

مردوں اور خواتین دونوں اس طریقہ کار پر عمل کرکے ہارٹ اٹیک کا خطرہ 1.7 فیصد کم کرسکتے ہیں۔جریدے یورپین جرنل آف پرینیٹیو کارڈیالوجی میں شائع تحقیق میں شامل محقق الیسٹر برآنی نے بتایا کہ نتائج سے ثابت ہوتا ہے کہ سفر کے لیے پیدل چلنا بھی ورزش ہی ہے جو ہارٹ اٹیک کی سطح میں کمی لاتا ہے۔ورزش کو معمول بنانے کے فوائد لاتعداد ہیں اور ایسے اقدامات کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے جو لوگوں کو زیادہ متحرک کرنے میں مدد دیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں