پیٹرولیم

پیٹرولیم کی قیمتوں میں اضافہ مسترد ،حکومت عالمی مالیاتی ادارے کے سامنے سرنگو ں ہے’ آل پاکستان انجمن تاجران

لاہور(عکس آن لائن) آل پاکستان انجمن تاجران نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں12روپے سے زائد فی لیٹر اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کے اقدامات سے ثابت ہو گیا ہے کہ وہ حاصل کئے گئے قرض کی شرائط پوری کرنے کیلئے عالمی مالیاتی ادارے کے سامنے سرنگو ں ہے ، حکومت ایک ارب ڈالر کیلئے عالمی مالیاتی ادارے کی ایک ایک کر کے تمام شرائط کو پورا کر رہی ہے جبکہ عوام زندہ درگو ر ہو رہے ہیں ، تاجر برادی ایسی پالیسیوں پر اب خاموش نہیں رہے گی ۔ مرکزی صدر اشرف بھٹی ،سیکرٹری جنرل محبوب علی سرکی، لاہور کے صدر میاں طارق فیروز، سینئر نائب صدر میاں سلیم،جنرل سیکرٹری نعیم بادشاہ،چیئرمین انجمن تاجران لاہور حافظ عطا اللہ ،وائس چیئرمین ملک ناظم اورشہزاد بھٹی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ حیرانی کی بات ہے کہ وزیر اعظم دن کی روشنی میں پیٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے کی سمری کو نظر ثانی کیلئے واپس بھجواتے ہیں اور ادارے رات کے اندھیرے میں قیمتوںمیں اضافہ کر دیتے ہیں ، یہ صرف عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لئے ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ اضافے کے بعد پیٹرولیم قیمتوں کے تاریخ کی بلند ترین سطح پہنچ جانے کے انتہائی تباہ کن نتائج ہوں گے ، اب تو طوفان اور سونامی جیسے الفاظ بھی حکومتی اقدامات کے سامنے شرما گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نہ جانے کس معیشت کی ترقی کے دعوے کر رہی ہے حقیقت میںعوام کی قوت خرید جواب دے گئی ہے اور ان کیلئے ایک وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل بنا دیا گیا ہے۔حکومت پیٹرولیم کی قیمتوں میںاضافے کو فی الفور واپس لے اور اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بھی پچاس فیصد تک کم کی جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں