لاہور( عکس آن لائن) انصاف ویلفیئر ونگ کے مرکزی سیکرٹری جنرل جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ پی ڈی ایم کی تحریک عروج کی بجائے زوال کی پستیوں کو چھو کر ختم ہو چکی ہے ،حکومت آئندہ عام انتخابات میں شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے انتخابی اصلاحات کیلئے پر عزم ہے ، اپوزیشن غیر مشروط طو رپر اس عمل میں شامل ہو ، ڈسکہ انتخاب بارے عوام کو سب معلوم ہے ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو قرض لینے کے طعنے دینے والوں کو آگاہ کرنا چاہتے ہیں کہ حکومت نے 23ارب ڈالر سے زائد سابقہ حکومت کے قرض اورسودکی ادائیگی کی مد میں ادا کئے ہیں ۔
موجودہ حکومت ایسامیکرو اکنامک استحکام اورگروتھ پالیسی چاہتی ہے تاکہ پاکستان کو آئندہ آئی ایم ایف کے پاس نہ جانا پڑے ۔ انہوںنے کہا کہ پی ڈی ایم کی تحریک عروج تو نہیں دیکھ سکی البتہ عوام نے آخری حدوں کو چھوتے زوال کو اپنی آنکھوں سے ضرور دیکھا ہے ۔
حکومت کو شکست خوردہ اورعوام کی مسترد شدہ اپوزیشن سے کسی سر ٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں انشا اللہ ہم پانچ سال بعد عوام کی عدالت میں جائیں گے تو سر خرو ہوں گے اور عوام ترقی کے سفر کو جاری رکھنے کیلئے دوبارہ تحریک انصاف کو بھاری اکثریت سے حکومت میں لائیں گے،(ن) لیگ والے دوسروں کی کامیابی کو قبول کرنا بھی سیکھیں ۔