راولپنڈی(عکس آن لائن)سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم میں پھوٹ پڑچکی ہے، 2بڑوں کی میٹنگ الیکشن کرائے گی،سربراہ عوامی مسلم لیگ و سابق وزیرداخلہ شیخ رشید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا ہے کہ سپریم کورٹ میں ایک کروڑ اوورسیز پاکستانی ووٹوں کی سماعت ہوگی، عمران خان کی نااہلی یا گرفتاری جلتی پر پٹرول کا کام کرے گی،
انہوں نے کہا کہ چین نے دوستی کا حق ادا کردیا ہے، پٹرول اور بجلی کی قیمتیں بھی بڑھنے جارہی ہیں ، نہ ڈالر دستیاب نہ فنڈنگ موجود ہے، سیاست بچانی ہے یا ریاست ، ڈالر شرح سود پٹرول مہنگائی سب ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں ،شیخ رشید نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کی تیاریاں شروع کردی ہیں، جو بھی عدالت کے فیصلے کی تضحیک کرے گا اسے عدالت کے کٹہرے میں کھڑا ہونا پڑے گا،سابق وزیرداخلہ نے موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کے اسٹاف لیول فیصلے سے پہلے غریب پر مہنگائی کی مزید بجلی گرے گی، غریب ذبح خانے میں حکمران مہ خانے میں بیٹھے ہیں۔