علی محمد خان

پی ٹی آئی کے بغیر معاملات نہیں چل سکتے، علی محمد خان

اسلام آ باد (عکس آن لائن ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ مذاکرات کے دروازے بند نہیں کرنے چاہئیں پی ٹی آئی کے بغیر معاملات نہیں چل سکتے۔ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما علی محمد خان نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں میں ڈائیلاگ ہوتے ہیں، مذاکرات کے دروازے بند نہیں کرنے چاہئیں۔ پی ٹی آئی بڑی سیاسی جماعت ہے اور اس کے بغیر معاملات نہیں چل سکتے لہذا مسائل کا حل نکلنا چاہیے۔ علی محمد خان نے کہا کہ دیکھنا ہوتا ہے کہ مذاکرات پر حکومت کتنا سنجیدہ ہے اور مذاکرات میں دونوں فریقین اپنے اپنے نکات رکھتے ہیں۔

اگر حکومت مذاکرات کے لیے سنجیدہ ہے تو سیاسی بیانات اور میڈیا ٹاک کے بجائے نکات پیش کرے، پی ٹی اائی کی کور کمیٹی اس کو دیکھے گی، کمیٹی میں اسد قیصر سمیت دیگر شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھٹو کے دور میں مذاکرات ہوئے لیکن عملدرآمد نہ ہوا تو مارشل لا لگ گیا۔ اپوزیشن تو نہیں کہے گی کہ آ ہم سے مذاکرات کرو، حکومت خود مذاکراتی کمیٹی کا اعلان کرے اور حکومت کی مذاکرات کی آفر کو رد نہیں کرنا چاہیے۔ حکومت کی جو بھی تجاویزہوں گی وہ بانی پی ٹی آئی کے پاس لے کر جائیں گے۔ علی محمد خان نے یہ بھی کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کوئی چور دروازہ نہیں ڈھونڈا، وہ اپنے مقف پر کھڑے ہیں اور میں سمجھتا ہوں بانی پی ٹی آئی کا مزید ایک بھی دن جیل میں کیوں گزرے۔