اسلام آباد(عکس آن لائن)حکومت نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کی سفارش پر آئندہ ماہ کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کرتے ہوئے نئی قیمتوں کا اعلان کردیا ہے جس کے مطابق پٹرول کی قیمت میں ایک روپے اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 27پیسے اضافہ ، مٹی کے تیل کی قیمت میں 2.39روپے فی لیٹر قیمت کم کر دی گئی ۔
تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 0.27پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے تاہم لائٹ ڈیزل استعمال کرنے والے صارفین کو حکومت نے تحفہ دیتے ہوئے اس کی قیمت میں 6.56 روپے کی کمی کی ہے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت بھی 2.39 روپے کم کرنے کا اعلان کیا گیا۔اوگرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی نئی قیمت 114.24 روپے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 127.41 روپے جبکہ مٹی کا تیل 97.18 روپے میں فروخت کیا جائے گا۔قیمت میں 6.56 روپے فی لیٹر کمی کے بعد لائٹ ڈیزل آئل یکم نومبر سے 85.33 روپے فی لیٹر میں دستیاب ہو گا۔